یشیا کپ کے پانچویں اور ٹورنامنٹ میں انڈیا اور پاکستان کے پہلے میچ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف 163 رنز کا ہدف فقط دو وکٹوں کے نقصان پر 29 اوورز میں حاصل کر لیا۔
کپتان روہت شرما نے جارہانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ روہت شرما شاداب خان کی گوگلی کا شکار ہوئے اور کلین بولڈ ہوئے۔ فہیم اشرف نے شکھر دھون کی وکٹ لی جو 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کریز پر موجود امباتی رائڈو اور دنیش کارتھک نے بالترتیب 31، 31 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔
اس قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان کا یہ فیصلہ ٹیم کے لیے کافی بھاری ثابت ہوا اور ابتدا سے ہی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں اور ٹیم قدم جما کر نہ کھیل سکی۔
فخر زمان جن سے شائقین کو بہت امیدیں وابستہ ہوتی ہیں کوئی رن بنائے بغیر بھونیشور کمار کی شارٹ بال پر پُل کرتے ہوئے مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے پہلے امام الحق صرف دو رنز بنا کر بھونیشور کمار ہی کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

دونوں اوپنرز کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے اچھی پارٹنرشپ قائم کی۔ مگر جب بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اُس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 85 تھا۔ اس کے بعد تو ایک کے بعد ایک بلے باز پویلین لوٹتے رہے۔ کیدار جادھو نے سرفراز احمد، آصف علی کی وکٹیں لیں جبکہ شعیب ملک 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کا مڈل آرڈر ڈھیر ہوگیا۔

میچ کے دوران ایک واقعہ انڈیا کی ٹیم کے لیے بھی پریشان کن ثابت ہوا جب گزشتہ برس چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے خلاف بہترین بیٹنگ کرنے والے آل راؤنڈر ہردک پانڈیا میچ کے اٹھارویں اوور میں گیند کراتے ہوئے اچانک گر پڑے۔ اُنہیں سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ کی طرف سے ان کے معائنے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ہردک کی کمر میں شدید چوٹ آئی ہے اور وہ اس وقت کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہیں۔ بورڈ نے مزید کہا کہ ٹیم کے طبی ماہرین ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔
مگر انڈیا کے بولرز نے ہردک پانڈیا کی کمی محسوس نہ ہونے دی۔ فہیم اشرف نے اننگز کے آخر پر کچھ مزاحمت دکھائی مگر صرف 21 رنز کا انفرادی سکور بنا سکے۔محمد عامر نے ان کا ساتھ دیا اور 18 رنز بنائے مگر فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز میں سے کوئی بھی کھلاڑی ٹک نہ پایا۔

گروپ کی سطح کے اس میچ میں انڈیا اور پاکستان کے روائتی حریفوں کے درمیان مقابلے کی وجہ سے خصوصی دلچسپی پائی جاتی ہے اور دونوں ٹیم اب تک اپنے دونوں میچ جیت چکی ہیں۔
میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی فارم کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عامر سٹرائیک بالر ہیں اور اگر وہ گیند صحیح جگہ ڈالیں تو انڈیا کی بیٹنگ کے مشکلات بڑھ جائیں گی۔ انڈیا کے لیے جسپریت بمرہ اور ہردک پانڈیا ٹیم میں واپس شامل کیے گئے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں
امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد (کپتان)، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان۔
انڈیا کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں
روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، امباتی رائڈو، ایم ایس دھونی، دنیش کارتھک، کیدار جادھو، ہردک پانڈیا، بھونیشور کمار، جسپریت بُمرہ، یزوندرہ چہل، کلدیپ جادھو۔
0 comments:
Post a Comment